اسلامی نظریاتی کونسل نے فیملی پلاننگ کو جائز قرار دیدیا ہے:جمال ناصر 

Feb 23, 2024

لاہور(نیوز رپورٹر) نگران وزیر پرائمری ہیلتھ و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ آبادی کا ایٹم بم پھٹ چکا ہے۔ گزشتہ 75 سال میں کسی بھی حکومت نے بہبود آبادی کے شعبے پر توجہ نہیں دی گئی۔ نئی حکومت سے بہبود آبادی اور ماحولیات کے شعبوں پر خصوصی توجہ دینے کی سفارش کریں گے۔ علمائے کرام بہبود آبادی کے خلاف نہیں۔سیاستدان جو کام نہیں کر سکتے اس کی ذمہ داری دوسروں پر ڈال دیتے ہیں۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے فیملی پلاننگ کو جائز قرار دیدیا ہے۔ وہ گزشتہ روز محکمہ بہبود آبادی پنجاب اور گرین سٹار سوشل مارکیٹنگ کے زیر اہتمام معاشرتی رویوں میں تبدیلی کے موضوع پر کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ فیملی پلاننگ میں سب سے زیادہ کردار رویوں میں تبدیلی کا ہے۔ چھوٹے خاندان کے بارے میں سماجی رویوں کی تبدیلی میں سب سے بڑی رکاوٹ خود عورت ہے۔ ساس اپنی بہو کے ساتھ وہ سلوک نہیں کرتی جو بیٹی کے ساتھ کرتی ہے۔ نو بیاہتا عورت سے بار بار بچے کی پیدائش کے بارے میں سوال کرنا نفسیاتی مسائل کا باعث بنتا ہے۔ بیٹیاں رحمت اور جنت میں جانے کا ذریعہ ہیں۔ محکمہ فیملی پلاننگ کے بجٹ میں اضافہ کرنے اور اسے جدید سہولتیں مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔ کانفرنس میں سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر سلمان اعجاز، ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن ویلفیئر ثمن رائے، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر نائیلہ الطاف، سی ای او گرین سٹار سوشل مارکیٹنگ پاکستان سید عزیر الرب، چیف آف پارٹی ٹی سی آئی غضنفر عباس نے شرکت کی۔

مزیدخبریں