دنیا میں قیام امن کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی ،رواداری کو فروغ دینا ہو گا:ڈاکٹر تنویرقاسم

لاہور (لیڈی رپورٹر) پنجاب ہائر ایجوکیشن کمشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر تنویرقاسم نے کہا ہے کہ دنیا میں قیام امن کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینا ہو گا۔ کوئی مذہب آسمانی کتابوں اور انبیا ء کرام کی توہین کی اجازت نہیں دیتا۔ مقدس کتابوں قرآن، انجیل ،زبور اور تورات کا احترام ضروری ہے۔اس امر کا اظہار انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں بین المذاہب ہم آہنگی پر پہلی 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر تنویرقاسم کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی قانون ریاستوں کو مذہب کی بنیاد پر نفرت اور تشدد کیلئے جان بوجھ کر اکسانے کی روک تھام اور ممانعت کرنے کا پابند کرتا ہے۔ مذہبی جذبات بھڑکانے اور تشدد پر اکسانے کے یہ رویے دنیا کے امن کیلئے مہلک ہیں۔ یہ رویے قانونی اور اخلاقی دونوں لحاظ سے ہی شدید قابل نفرت اور قابل مذمت ہیں۔ آزادی اظہار رائے اور احتجاج کی آڑ میں مذہبی منافرت پر مبنی اشتعال انگیز کارروائیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ بین الاقوامی قانون مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر نفرت اور امتیازی سلوک کوممنوع قرار دیتا ہے۔انہوں نے کانفرنس کے انعقاد اور سرپرستی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر اور ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عربیک اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن اور چیئرپرسن شعبہ تقابل ادیان پروفیسر ڈاکٹر سجیلہ کوثر کا شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس میں ڈین فیکلٹی آف کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم کے علاوہ پاکستان، برونائی دار السلام، امریکہ، یوگنڈا، بیلجیم اور ملائشیا سمیت متعدد ممالک سے پروفیسر ڈاکٹر ٹی نے وک مین، پروفیسر ڈاکٹر چارلس کوہن، پروفیسر ڈاکٹر ہرمن، پروفیسر ڈاکٹرکرسٹوفر ملر، پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ، ریورنٹ منور شہزاد عمر،ڈاکٹر الطاف حسین لنگڑیال، ڈاکٹر عبدالقدوس ڈاکٹر عبدالغفار ، رانا شفیق خاں پسروری  ،ڈاکٹر سعید الرحمن ، ڈاکٹر ضیاء الرحمن نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن