کرتار پور راہداری، پاکستان نے دنیا کو پیغام دیاہم امن کے خواہش مند ہیں،صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کرتار پور راہداری سے پاکستان نے دنیا کو پیغام دیا کہ ہم امن کے خواہش مند ہیں، کرتار پور راہداری امن کی علامت ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کرتار پور کاریڈور کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سکھ یاتریوں کی آسانی اور سہولت کیلئے پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ مستقبل میں بھی یہ جاری رہنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پیغام امن کا پیغام ہے، بین المذاہب ہم آہنگی کے ایسے مزید اقدامات سے خطے میں امن کو فروغ ملے گا، سکھ مذہب نے امن اور اتحاد، لوگوں کو آپس میں جوڑنے کا درس دیا۔کرتار پور دورے کے دوران صدر مملکت کو سی ای او پروجیکٹ منیجمنٹ نے سکھ یاتریوں کی سہولت کیلئے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ اورصدر مملکت کو سکھ مذہب اور کرتار پور صاحب کی تاریخ کے بارے میں بتایا گیا، صدر مملکت کو اس موقع پرمیوزیم اور لنگر خانے کا بھی دورہ کرایا گیا۔ دریں اثناءصدر مملکت عارف علوی نے فیڈرل انشورنس محتسب کے افسروں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے فوری فیصلے کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محتسب کے اداروں نے شکایت کنندگان کے لئے فوری اور سستے انصاف کی فراہمی میں قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان میں ترقی کی شاندار صلاحیت موجود ہے تاہم اسے صحیح سمت میں گامزن کرنے کیلئے فوری فیصلوں اور دیانتداری کی ضرورت ہے۔فیڈرل انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاور جمیل نے بیمہ کمپنیوں کی بدانتظامی کے خلاف بیمہ کاروں کو انصاف فراہم کرنے پر ادارے کا کردار اجاگر کیا۔

ای پیپر دی نیشن