پاکستان پیپلزپارٹی نے سندھ کی وزارت اعلیٰ کا تاج ایک بار پھر مراد علی شاہ کو پہنانے کا فیصلہ کرلیا،مراد علی شاہ منگل کو تیسری بار وزیر اعلیٰ کے منصب کا حلف اٹھائیں گے۔پارٹی قیادت نے سندھ کی وزارت اعلیٰ کیلئے تیسری مرتبہ مراد علی شاہ کا نام فائنل کیا ہے اور اس حوالے سے دیگر مرکزی قیادت کوبھی فیصلے سغ آگاہ کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تیسری مرتبہ وزارت اعلیٰ کیلئے نامزدگی پر پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اپنی قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کرونگا اور آصف علی زرداری و بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق سندھ کی ترقی کو دوبارہ سے شروع کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عام انتخابات کے دوران جو 10نکاتی ایجنڈا دیا تھا اس پر پوری طرح عمل کیا جائیگا اور کراچی سمیت صوبے بھر میں نئے دور کا آغاز کیا جائیگا۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کیلئے فریال تالپور، شرجیل میمن اور ناصر شاہ کے نام بھی زیر گردش رہے ۔تاہم پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ایک مرتبہ پھر مراد علی شاہ کو ہی وزارت اعلیٰ کے منصب پر بٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔مراد علی شا پہلی بار 2016 میں سندھ کے وزیر اعلیٰ بنے تھے، وہ صوبے کے 26 ویں وزیر اعلیٰ بنے تھے، بعد ازاں 2018 میں وہ دوسری بار جب کہ اب تیسری بار وزیر اعلی بنیں گے۔ رہنماءپیپلزپارٹی نے این ای ڈی یونیورسٹی سے سول انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کرنے والے مراد شاہ امریکہ کی سٹینفرڈ یونیورسٹی سے بھی سول سٹرکچرل انجینئرنگ اور اکنامک انجینئرنگ کے شعبوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔حصولِ تعلیم کے بعد انھوں نے اپنے کریئر کی ابتدا واپڈا میں بطور جونیئر انجینئر کی اور پھر پورٹ قاسم اتھارٹی، حیدرآباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور کراچی ہاربر پر بھی مختلف عہدوں پر فائز رہے۔