عالمی عدالتِ انصاف اسرائیل کیخلاف پاکستان کا مؤقف آج سنے گی

عالمی عدالتِ انصاف اسرائیل کے خلاف پاکستان کے مؤقف کی سماعت آج کرے گی، غزہ پر صیہونی فوج کے حملوں سے متعلق کیس کی سماعت 26فروری تک جاری رہے گی۔ 

تفصیلات کے مطابق عالمی عدالتِ انصاف میں پاکستان غزہ جنگ میں ہزاروں فلسطینیوں کی شہادت اور اسرائیل کی کھلی جارحیت اور غنڈہ گردی کے خلاف اپنا مؤقف آج پیش کرے  گا۔ عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ عالمی عدالتِ انصاف کے تحت دی ہیگ کے پیس پیلس میں اسرائیل کے خلاف مقدمے کی سماعت 19فروری کو شروع ہوئی تھی۔ آج ہونے والی پیشرفت کے متعلق دفترِ خارجہ کا بیان سامنے آگیا۔ دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ مشرقی یروشلم سمیت فلسطین کے متعلق اسرائیلی پالیسیوں کے خلاف 23فروری کی شام کو وزیرِ قانون احمد عرفان اسلم عالمی عدالتِ انصاف میں پیش ہوں گے۔ وزیرِ قانون احمد عرفان اسلم عالمی عدالتِ انصاف میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ 19 فروری کو فلسطین کے 7 نمائندوں کا کہنا تھا کہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں اسرائیل غیرقانونی طور پر حکومت کررہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس 7اکتوبر سے جاری حملوں میں اسرائیل نے غزہ میں کم از کم 29 ہزار 410 فلسطینیوں کو شہید جبکہ 69 ہزار 465 کو زخمی کیا جبکہ حماس نے بھی اسرائیل پر جوابی حملے کیے۔ حماس کے 7اکتوبر سے جاری حملوں کے نتیجے میں اسرائیل میں 1 ہزار 139 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں صیہونی فوجی اور مقبوضہ فلسطین کے علاقوں پر غیر قانونی طور پر  قابض شہری شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن