”بلیک واٹر“ امریکی وزیر کے بیان نے رحمان ملک کا جھوٹ بے نقاب کر دیا‘ استعفی دیں : مذہبی و سیاسی رہنما

لاہور (خصوصی نامہ نگار + ایجنسیاں) مختلف مذہبی سیاسی جماعتوں نے امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کی جانب سے امریکی دہشت گرد تنظیم بلیک واٹر کی پاکستان میں موجودگی کے اعتراف پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ امریکی وزیر دفاع کے بیان نے حکمرانوں کے جھوٹ کا پول کھول دیاکہ ملک میں بلیک واٹر تنظیم کا وجود نہیں ہے۔ حکومت کو ذرہ برابر بھی ملکی مفاد عزیز ہے تو امریکی مفادات کے تحفظ میں دہشت گرد تنظیم کے وجود کی نفی کرنے والے وزیر داخلہ کو وزارت سے الگ کر دے۔ جماعة الدعوة پاکستان شعبہ سیاسی امورکے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ امریکی وزیر دفاع کے بیان نے حکومتی دعوﺅں کا پول کھول دیا ہے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ امریکی وزیر دفاع کی طرف سے بلیک واٹر کی پاکستان میں موجودگی کے اعتراف حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے جس نے وزیر داخلہ رحمان ملک کے جھوٹ کو بے نقاب کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے امریکی عہدیدار کے سچ سے قوم کو یقین ہو گیا ہے کہ حکمران ملک و قوم کے نہیں بلکہ امریکی مفادات کے محافظ ہیں۔ جمعیت علماءاسلام کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کے اس اعتراف کے بعد پاکستان میں ”بلیک واٹر“ اور ”ڈین کورپ“نجی حیثیت میں کام کر رہے ہیں وزیر داخلہ رحمن ملک کو حسب وعدہ استعفی دیدنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی غلامی میں مدارس کیخلاف اقدامات کے بعد وزیر داخلہ اپنے انجام کو پہنچ جائیں گے۔ مسلم لیگ ق کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید اور ن لیگ کے سینیٹر سید ظفر علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ اپنے بیان کا احترام کرتے ہوئے فوری طور پر استعفی دیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ اگر پاکستان میں بلیک واٹر موجود ہے تو ہم امریکہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بلیک واٹر کے افراد کی نشاندہی کرے تاکہ ہم ان کی سرگرمیوں کا جائزہ لے سکیں حکومت پاکستان کے علم کے مطابق بلیک واٹر کے نام سے پاکستان میں کوئی تنظیم نہیں اگر بلیک واٹر کے لوگ سفارتی آڑ یا کسی اور کور میں پاکستان آئے ہیں تو حکومت پاکستان میں بلیک واٹر موجودگی کیسے تسلیم کر سکتی ہے ملتان میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ ڈرونز حملوں سے بے گناہ لوگ مارے جا رہے ہیں مرنے والے بچے اور خواتین دہشت گردوں کے لواحقین ہیں۔ جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ بلیک واٹر کے حوالے جو پردے ڈال رہی تھی امریکی وزیر دفاع نے ان پردوں کو چاک کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد اب وزیر داخلہ کیا وضاحت کریں گے؟ دریں اثنا جے یو آئی کے رہنماﺅں ملک سکندر خان ایڈووکیٹ‘ مولانا محمد امجد خان‘ الحاج شمس الرحمن شمسی نے بھی کہا ہے کہ امریکی وزیر دفاع بیان کے بعد حقیقت کھل کر قوم کے سامنے آ گئی ہے۔ جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا کہ حکمران اپنی حکومت بچانے کی فکر میں قومی وقار کے منافی کام کر رہے ہیں امریکی وزیر دفاع کے بیان سے ثابت ہو گیا ہے کہ حکمران جھوٹ بول رہے ہیں کہ پاکستان میں بلیک واٹر موجودہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والی دہشت گرد خفیہ تنظیموں پر فوراً پابندی لگا دی جائے۔
ردعمل

ای پیپر دی نیشن