سرپنچ قتل کیس میں حریت کارکن ملوث نہیں: علی گیلانی

Jan 23, 2013

 سرینگر(آن لائن)بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے سرپنچ قتل کیس میں حریت کارکن عبدالمجید لون کو ملوث کرنے کی سازش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی پولیس اپنی کمزوریاں چھپانے کیلئے حریت کارکنوں کو قربانی کا بکرا بنا رہی ہیں۔ ریاستی میڈیا کو جاری ایک بیان میں علی گیلانی نے کہا کہ تحریک حریت پنچوں اور سرپنچوں کے رول کو اگرچہ تحریک آزادی کیلئے نقصان دہ تصور کررہی ہے البتہ وہ ان کا سیاسی سطح پر مقابلہ کرنے میں یقین رکھتی ہے اور افہام و تفہیم کے ذریعے سے انہیں واپس تحریک آزادی میں لانے کی کوششیں جاری رکھنے کا عزم رکھتی ہے ۔ حریت چیئرمین نے یاد دلایا کہ اس سے قبل بھی تحریک حریت لیڈر عبداللہ ناصر پلبالن کو ایک سرپنچ کے قتل میں ملوث کرنے کی پولیس کی طرف سے کوشش کی گئی تھی البتہ بعد میں عمر عبداللہ نے خود اس کی تردید کی تھی اور ان کا یہ بیان ریکارڈ پرموجود ہے کہ پلبالن میں مارے گئے سرپنچ کے معاملے میں کوئی بھی عسکریت پسند یا آزادی پسند ملوث نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عبدالمجید کو مجبور کررہی ہے کہ وہ مذکورہ سرپنچ کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کرے۔

مزیدخبریں