پاکستان سپرلیگ میں بین الاقوامی کرکٹرز شرکت کرینگے: ذکاءاشرف

Jan 23, 2013

لاہو ر+گوجرانوالہ (سپورٹس رپورٹر + نمائندہ خصوصی) چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف نے کہا ہے کہ کرکٹ کے حوالے سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان تعلقات بہت بہتر ہوگئے تھے مگر موجودہ کشیدگی کے باعث تعلقات پھر زیرو پر آ گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ساتھ مقابلہ کانٹے دارہوگا جبکہ فتح کیلئے ہم پٓرامید ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز معروف اداکار سہیل احمد کی والدہ کی وفات پرتعزیت کے بعد میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ملک کے سیاسی حالات جیسے بھی ہوں سپر لیگ اپنے مقررہ وقت پر ہوگی اس کے لئے دوسرے ممالک کے کھلاڑیوں سے رابطہ میں ہیں۔ اکمل برادران کی انڈیا میں پرفارمنس اچھی نہیں تھی اس لئے انہیں ڈراپ کیا گیا ہے اب ٹیم میں وہی کھیلے گا جس کی کارکردگی بہتر ہوگی۔ ویمن ورلڈکپ کے دوران پاکستان ویمن ٹیم کو سکیورٹی فراہم کرنا آئی سی سی کی ذمہ داری ہے، پی سی بی اس سلسلہ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ پاکستان سپرلیگ سے پاکستان شائقین کرکٹ بھرپور لطف اندوز ہونگے، پی ایس ایل میں غیرملکی کھلاڑیوں کی شرکت سے پاکستان کا سوفٹ امیج دنیا بھر میں جائے گا۔ پاکستان سپرلیگ کے انعقاد کے لئے دیگر ممالک کے کرکٹ بورڈز کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ اکثریت کی جانب سے اس لیگ کو بہت سراہا جا رہا ہے۔ امید ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد اس میں شرکت کی خواہاں ہوگی۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان شروع ہونے والی سیریز کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں اور دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم رینکنگ میں بے شک نمبر ون ہے اس کے خلاف ہمارے کھلاڑی اچھا کھیل پیش کرینگے۔ 

مزیدخبریں