اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان میں 2 نئی وڈیو گیمز کی فروخت پر پابندی لگادی گئی ہے جس میں اسے دہشتگردی کے خاتمے میں ناکامی اور شدت پسندوں سے سیکورٹی اداروں کے مبینہ روابط پر ناکام ریاست کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ میڈل آف آنر، وار فائٹر اور کال آف ڈیوٹی بلیک اوپس 2 شوٹر گیمز میں امریکی سپیشل فورسز کے اہلکاروں کو مختلف مشنز پر دکھایا گیا ہے۔آل پاکستان سی ڈی، ڈی وی ڈی، آڈیو کیسٹس ٹریڈرز اینڈ مینو فیکچرر ایسوسی ایشن کے صدر سلیم میمن کے مطابق ہم نے اپنے تمام ارکان کو ان گیمز کی فروخت سے روک دیا ہے۔ یہ گیمز پاکستان کے خلاف ہیں اور اس میں ہماری فوج پر تنقید کی جارہی ہے اور ہمارے ملک کو تنگ نظری سے دکھایا جارہا ہے۔میڈل آف آنرز میں دکھایا گیا ہے کہ امریکی نیوی سیلز کراچی بندرگاہ پر اتر کر اسلحے کی ایک شمپنٹ کو تباہ کردیتے ہیں، اسی دوران انہیں ایک اور دہشتگردی کے منصوبے کا پتا چلتا ہے جس کے بعد عالمی مہم شروع ہوجاتی ہے۔ سلیم میمن کا کہنا ہے کہ ان گیمز سے خطرہ ہے کہ بچوں کا برین واش نہ ہوجائے اور وہ عسکریت پسندوں کے ہاتھوں کا کھلونا نہ بن جائیں۔ میڈل آف آنر نامی گیم کی تیاری میں ایک ایسا کمانڈو بھی شامل رہا ہے جس نے اسامہ بن لادن کے خلاف ایبٹ آباد میں آپریشن کیا تھا۔