ادبی فیسٹیول میں کسی پاکستانی مصنف، ادیب کو شریک نہیں ہونے دینگے: بی جے پی احتجاجی جلوس میں پاکستان کیخلاف نعرے

جے پور (بی بی سی اردو کاٹ کام) بھارت کے شہر جے پور کا ادبی فیسٹول شروع ہونے سے پہلے ہی تنازعات کا شکار ہو گیا ہے۔ بھارتی جنتا پارٹی کے یوتھ ونگ کے ارکان نے ایک مظاہرے میں اعلان کیا وہ فیسٹیول میں کسی بھی پاکستانی مصنف اور ادیب کو شرکت کی اجازت نہیں دیں گے۔ واضح رہے اس سے پہلے جے پور میں ایک مسلمان گروپ نے ادبی فیسٹیول کے دوران مصنفین کو سلمان رشدی کی کتاب سے اقتباس پڑھنے کی صورت میں تنبیہہ کرتے ہوئے مظاہرے کی دھمکی دی تھی۔ دوسری جانب جے پور پولیس کمشنر بی ایل سونی نے کہا ہے کسی کو بھی قانون توڑنے کا حق نہیں۔ ’ہم فیسٹول کے دوران امن کو یقینی بنائیں گے اور کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘۔ بھارتی جنتا پارٹی کے ’جنتا یوو مورچہ‘ نامی گروپ کے ارکان نے گزشتہ روز اپنے نائب صدر لکشمی کانت بھردواج کی قیادت میں احتجاجی جلوس نکالا اور پاکستان کے خلاف نعرہ بازی کی۔ انہوں نے پولیس کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے کہا وہ جے پور ادبی فیسٹول میں کسی بھی پاکستانی ادیب کی شرکت کی مخالفت کریں گے۔ لکشمی کانت بھردواج کا کہنا تھا ’ہم پاکستانی ادیبوں کو یہاں آنے اور ادبی فیسٹول میں شریک ہونے کی اجازت کس طرح دے سکتے ہیں جب پاکستانی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ہمارے سپاہیوں کے سر قلم کیے‘ جے پور فیسٹول کے منتظمین کے مطابق سات پاکستانی ادیب جن میں محمد حنیف، فہمیدہ ریاض، ایم اے فاروقی اور محمد اسلم اس فیسٹیول میں شرکت کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن