پاکستان کو امریکہ اور پرویز مشرف نے گرداب میں پھنسایا: حمید گل

پاکستان کو امریکہ اور پرویز مشرف نے گرداب میں پھنسایا: حمید گل

اسلام آباد (رسم اعجاز ستی) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل نے کہا ہے کہ آج ملک جس گرداب میں پھنس چکا ہے ہمیں اس میں امریکہ اور مشرف نے پھنسایا، دشمن کا ہدف ہے ہم مشرقی سرحد سے فوج کو مغربی سرحد پر دھکیل دیں اور بھارت کے ساتھ بارڈر کو نرم کریں۔ ہم دشمن کے ہاتھ میں کھیل رہے ہیں۔ امریکی ڈرون رکوانے کی ہماری کوشش کے بعد امریکہ نے زمینی ڈرون شروع کر دئیے۔ مذاکرات کے آپشن کو استعمال ہی نہیں کیا گیا، کیا مذاکرات کا آپشن ختم ہو گیا تھا یا امریکہ نے ہمیں دھوکا دیا؟ نوائے وقت سے گفتگو میں حمید گل کا کہنا تھا کہ اس گرداب میں ہمیں امریکہ اور پرویز مشرف نے پھنسایا، اس وقت پارلیمنٹ معطل تھی۔ مشرف کو قوم سے پوچھنا چاہئے تھا اور ریفرنڈم کروانا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے کہا تھا کہ میدان جنگ دو ہیں ایک افغانستان اور دوسرا پاکستان۔ پاکستان امریکہ کیلئے میدان جنگ ہے، امریکہ اور بھارت کے اہداف اور ہمار اہداف میں فرق ہے اور یہ ہماری فوج کو برباد کرنا چاہتے ہیں۔ وہ ملک کو قرضوں میں جکڑ کر اسے بھارتی بالادستی میں دینا چاہتے ہیں۔ دوسرا ہدف ہے کہ ہم بھارت کے ساتھ بارڈر کو نرم کر دیں۔ کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر ہم اپنی فوجیں مغربی سرحد میں لائیں گے تو پھر کہا جائیگا، ہمیں نیوکلیئر صلاحیت کی ضرورت ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کیلئے بیشتر گروپ تیار تھے۔ چند گروپس تیار نہیں تھے جو امریکہ اور بھارت کے ہاتھ میں کھیل رہے ہیں۔ ملک جس صورتحال سے دوچار ہے اس سے نکلنے کیلئے وہی پالیسی اپنائی جائے جو قائداعظم نے اپنائی تھی۔ تین جنگیں ہم نے بھارت سے لڑیں۔ محسود اور وزیر قبائل ہمارے ساتھ تھے آج کیا ہو گیا ہے۔
حمید گل

ای پیپر دی نیشن