اسلام آباد / آزاد کشمیر / پشاور / شکر گڑھ / کمالیہ (این این آئی) آزاد کشمیر ¾ گلگت بلتستان سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ شکرگڑھ اور کمالیہ میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ خیبر پی کے میں پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ¾ میدانی علاقوں میں رم جھم جاری رہی کالام، ماندام اور مالم جبہ میں دو روز کے دوران اب تک ڈیڑھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے لوئر اور اپر دیر میں برفباری ہوئی ہے جس کی وجہ سے براول اور کوہستان کا دیگر علاقوں سے مواصلاتی رابطہ منقطع ہوگیا چترال میں بھی پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔ گرم چشمہ، لواری اور بگشت سمیت بالائی علاقوں میں تین روز سے برف روئی کے گالوں کی طرح برسی ¾ لواری ٹاپ پر 5 فٹ، لواری ٹنل پر 2 فٹ اور شندور روڈ پر ڈیڑھ فٹ برف پڑچکی ہے شندور روڈ بند ہونے سے چترال اور گلگت کے درمیان زمینی رابطہ معطل ہوگیا شمال مغربی بلوچستان کے علاقوں چمن، پشین، لورالائی،ژوب اور قلات میں برفباری کا سلسلہ رک گیا تاہم بعض مقامات پر اب بھی وقفے وقفے سے برفباری جاری رہی ملکہ کوہسارمری سمیت گلیات کے پہاڑوں پر 6 انچ تک برف گرنے سے سردی بڑھ گئی نتھیاگلی سے شانگلہ گلی تک سڑکیں بند ہوگئیں مری میں برفباری کے باعث درخت گرنے سے بجلی کے تار ٹوٹ گئے ہیں جس کی وجہ سے کشمیر پوائنٹ، بینک روڈ، ہال روڈ، جھیگاگلی روڈ ، اپروومنٹ ٹرسٹ، عباسی محلہ اورکشمیری محلہ میں گزشتہ شام 5 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ ملکہ کوہسار میں ملک بھر سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں کیل، اٹھ مقام، فاروڈکہوٹہ اور دیرکوٹ میں برف روئی کی طرح گر تی رہی جس کی وجہ سے باغ سے بھیڈی اور وادی نیلم جانے والی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔ شکرگڑھ سے نامہ نگار کے مطابق شکر گڑھ اور گرد و نواح دیہات میں دوسرے روز بھی وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہونے والی بارش سے جہاں ایک طرف کسانوں نے جشن منایا دوسری طرف شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ روز کمالیہ شہر اور گرد و نواح میں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو کہ وقفہ وقفہ سے رات اور تمام دن جاری رہا جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔سرینگر سے کے پی آئی کیمطابق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق وادی کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا آغاز ہوا۔ تاہم جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی دو طرفہ آمدورفت آخری اطلاعات تک بغیر کسی خلل کے جاری تھی۔اس دوران محکمہ موسمیات نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ آج 23 جنوری تک کشمیر وادی کے علاوہ خطہ چناب کے کئی اضلاع میں برفباری کے ساتھ ساتھ بارشیں بھی ہوں گی۔
برفباری / بارش