واپڈا کی مجوزہ نجکاری کیخلاف لاہور سمیت کئی شہروں میں ملازمین کی ہڑتال، مظاہرے

Jan 23, 2015

لاہور (اپنے نامہ نگار سے+نمائندگان)  لاہور سمیت  کئی شہروں میں آل پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین کے زیراہتمام ورکرز نے محکمہ بجلی کی مجوزہ نجکاری کے خلاف احتجاجی جلسے، جلوس نکال کر ’’یوم احتجاج‘‘ منایا۔ محنت کشوں نے بختیار لیبر ہال لاہور سے جلوس نکال کر لاہور پریس کلب چوک میں احتجاجی ریلی منعقد کی۔ جلوس ڈیوس روڈ لاہور سے ہوتا  ہوا چیف منسٹر ہاوس مال روڈ پہنچ گیا۔ جلوس میں محنت کشوں کے نمائندگان و کارکنوں نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔ جلوس کی قیادت بزرگ مزدور  رہنما خورشید احمد جنرل سیکرٹری نے کی۔ ان کے ہمراہ  امجد حسین ناگرا سیکرٹری انجینئرزایسوسی ایشن اور یونین کے نمائندگان بھی شامل تھے۔ بعدازاں جلوس ایجرٹن روڈ سے ہوتا ہوا  اسمبلی چوک پہنچا۔ خورشید احمد نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا وہ محکمہ بجلی کو  ورلڈ بینک کے دبائو پر مجوزہ نجکاری پر عمل کرنے کی بجائے اس کی کارکردگی میں اضافہ کے لئے اصلاحات کا  نفاذ کریں تاکہ عوام کو سستی بجلی ملے اور لوڈشیڈنگ سے نجات حاصل ہو سکے۔ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی واپڈا سے ہر روز  650 میگاواٹ سستی بجلی حاصل کرنے کے باوجود اپنے تھرمل پاور ہائوسز کیوں بند رکھے ہوئے ہے اورکراچی میں لوڈشیڈنگ ختم نہیں کر سکی؟ یہ کمپنی حکومت پاکستان سے ہر سال اربوں روپے کی مالی مدد حاصل کرنے کے باوجود کیوںبجلی سستی نہیں کر سکی؟ جبکہ ادارہ واپڈا نے جگہ جگہ بجلی پہنچانے کی ذمہ داری پوری کی۔ نجکاری کی بجائے حکومت عوام کو سستی بجلی مہیا کرائے اور لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کیلئے ہنگامی اقدامات کرے۔ وزیراعظم سے پرزور مطالبہ کیا وہ  قومی ملکیت کے اثاثے کو سرمایہ داروں کے حوالے کرنے کی بجائے اسے واپڈا کے تحت کیا جائے اور ملازمین کی نمائندہ یونین وانجینئرز ایسوسی ایشن سے بامقصد مذاکرات کئے جائیں۔ ملازمین 28 جنوری کو اسلام آباد میں مجوزہ نج کاری کے خلاف مارچ کریں گے۔ اجلاس میں ایک قرار داد کے ذریعے فرانسیسی جریدہ میں اسلام دشمن  توہین آمیز خاکے چھاپنے کی شدید مذمت کرتے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا وہ ایسی حرکات کو  بند کرائے۔ اجلاس میں افواج پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قابل قدر قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ان کی کامیابی کے لئے دعا کی گئی۔ مظاہرین سے امجد حسین ناگرا سیکرٹری انجینئرز ایسوسی ایشن نے بھی خطاب کیا۔علاوہ ازیں بہاولپور، ساہیوال، سرگودھا، بورے والا، وہاڑی، میانوالی، گوجرہ، ٹوبہ ، جڑانوالہ میں ملازمین نے  دفاتر کی تالہ بندی کی،دھرنے دئیے، ٹائر جلائے ۔ نعرے لگائے، صارفین  کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

مزیدخبریں