لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر ) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 95 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے جیت لی۔ شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔نیوزی لینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنا ئے۔مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن نے ابتدائی 5 اوورز میں 50 رنز مکمل کئے تاہم مارٹن گپٹل 19 گیندوں پر 42 رنز بنا کر شاہد آفریدی کا نشانہ بنے جبکہ محمد رضوان نے کولن منرو کو 62 کے سکور پر رن آؤٹ کر دیا۔جب کین ولیمسن 33 رنز بنا کر وہاب ریاض کی وکٹ بنے تو نیوزی لینڈ کا سکور 94 رنز تھا ۔ اینڈرسن نے 42 گیندوں پر 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 82 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی بڑے مجموعے تک رسائی یقینی بنائی۔ایلیٹ 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لیوک رونچی ایک رن بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ روس ٹیلر ریٹائرڈ ہٹ ہوئے۔ وہاب ریاض نے 2 اور کپتان شاہد آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔197 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم شروع سے ہی دباؤ میں نظر آئی۔محمد حفیظ 2 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کا شکاربنے، احمد شہزاد 8 ‘ محمد رضوان 4 ‘شعیب ملک 14 ‘ عمر اکمل 5 ‘آفریدی 8 ‘ عماد وسیم صفر پر آؤٹ ہوئے ۔سرفراز احمد نے 41 رنز بناکر ٹیم کوسنبھالا دیا، انور علی 8 ‘وہاب 4رنز بنا سکے۔پاکستان کی پوری ٹیم 17 ویں اوور میں 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور 9 بلے باز ڈبل فگر بھی عبور نہیں کرسکے۔ محمد عامر ایک رن پر کھڑے رہے۔اینڈرسن کو 82 رنز اور 2 اہم وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔یہ پاکستان کی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست ہے جبکہ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح ہے۔اس سے قبل پاکستان کو رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست آسٹریلیاکے ہاتھوں 2012 میں ہوئی تھی جب کینگروز نے 94 رنزسے فتح اپنے نام کی تھی۔نیوزی لینڈ نے 2009 میں آئرلینڈ کے خلاف رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی کامیابی حاصل کی جب آئرش ٹیم کو 83 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹوں پر 197 رنز بنا ڈالے جو سری لنکا کے 211 اور آسٹریلیا کے 197 کے بعد کسی بھی ٹیم کا پاکستان کے خلاف تیسرا بڑا سکور ہے۔پاکستان نے دو تبدیلیاں کیں، صہیب مقصود کی جگہ محمد رضوان جبکہ عمر گل پر انور علی کو ترجیح دی گئی۔پاکستانی ٹیم شاہد آفریدی کی قیادت میں اب تک 18 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل ہار چکی ہے جو مہندر اسنگھ دھونی کی23 ناکامیوں کے بعد کسی بھی کپتان کی دوسری سب سے بڑی ناکامیاں ہیں۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز پیر سے ہو گا۔
بیٹنگ، بائولنگ ، فیلڈنگ ناکام، پاکستان کو ٹی ٹونٹی کی سب سے بڑی شکست، نیوزی لینڈ نے سیریز جیت لی
Jan 23, 2016