لاہور ( اپنے نامہ نگار سے) الیکشن ٹربیونل لاہور کے سربراہ رشید قمر نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے128 میں مبینہ دھاندلی کیس کی سماعت کی۔ نادرا نے مسلم لیگ ن کے ایم این اے افضل کھوکھر کے خلاف انتخابی عذرداری کیس سے متعلق اپنی فرانزک رپورٹ جمع کرا دی۔ رپورٹ کے مطابق ایک لاکھ پچیس ہزار ایک سو بانوے کاونٹر فائلز کی تصدیق نہ ہوسکی۔ آٹھ ہزار پانچ سو ترانوے ووٹ جعلی شناختی کارڈز پر ڈالے گئے جبکہ دوسرے حلقے میں رجسٹرڈ ہونے والے چار سو انہتر ووٹ، این اے ایک سو اٹھائیس میں کاسٹ کئے گئے۔67 ہزار3 سو86 ووٹوں کی نادرا سے تصدیق ہوئی۔ جس میں349 ووٹرز نے ڈبل ووٹ کاسٹ کیے، 690 کاونٹر فائلز پر ووٹرز کے انگوٹھوں کے نشانات ہی موجود نہیں ہیں۔ حلقہ این اے128 سے تحریک انصاف کے ناکام امیدوار کرامت کھوکھر نے مسلم لیگ ن کے کامیاب ایم این اے افضل کھوکھر کے خلاف دائر انتخابی عذرداری میں دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے انتخاب کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔ رپورٹ پر دونوں جماعتوں کے وکلا 2فروری کو بحث کریں گے۔