لاہور(کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی جنرل سیکرٹری نعیم میر نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں تاجروں کے معاملے پر سیاست نہ کریں، قومی اسمبلی میں انکم ٹیکس ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور ہونے پر ملک بھر کے تاجر وزیراعظم میاں محمد نوازشریف، وزیر خزانہ اسحق ڈار، مشیر ریونیو ہارون اختر خان، چیئرمین ایف بی آرکے شکر گزار ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے لاہورپریس کلب میںپریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر دیگرمحبوب سرکی،میاں وقار،عامر اصغر ڈار، صفدر بٹ، ملک کلیم، آغا عدنان، رانا شہباز ، علی نصرت بٹ، شیخ عرفان اقبال، میاں خلیل عبیر، راجہ حسن اختر، عبدالودود علوی، رانا ادریس، چودھری عارف، عامر چودھری، ملک فیض، بابر اسماعیل بٹ، شیخ اسرار، ملک طاہر، رفیق صدیقی، شاہد اقبال ڈار، رضوان بٹ، فاروق حفیظ بھی موجود تھے۔ نعیم میر نے مزید کہا کہ ہم شاہ محمود قریشی، نوید قمر، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، سلیم مانڈی والا سمیت دیگر سیاسی رہنمائوں سے تاجروں نے ملاقاتیں کیںکہ اس تکنیکی مسئلے کو سیاست کی نذر نہ کریں، ہماری تمام تردرخواستوں اور منتوں کے باوجوداپوزیشن ارکان نے ہنگامہ برپا کیا۔بل ٹکڑے ٹکڑے کرکے سپیکر پر پھینکے گئے ، ایوان سے واک آئوٹ کیاگیا۔ ہمارے دھن کو بارہا کالا دھن کہاگیا۔ سیاسی مقاصدکیلئے تاجروں کا نام استعمال کیا گیا ۔ بہت ہوگیا اب بس کریں، آپ کو عدالت میں جانے کا شوق ہے تو بہت شوق سے جائیں، ہم بھی آپ کے سامنے فریق کی صورت میں کھڑے ہونگے۔کیا بہتر نہ ہوتا کہ جو چیزیں ہم حکومت سے نہیں منواسکے، وہ ہمیں اپوزیشن لیڈر لیکر دیتے لیکن انہوںنے اسمبلی فلور پر ایک لفظ نہیں بولا جس سے ملک بھر کے تاجرمایوس ہوئے ہیں۔
بہت ہو گیا، اب خاموش نہیں رہیں گے، انکم ٹیکس ایکٹ پر اپوزیشن سیاست بند کر دے: آل پاکستان انجمن تاجران
Jan 23, 2016