غذر میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع‘ بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع‘ سردی بڑھ گئی

Jan 23, 2017

غذر (صباح نیوز) ضلع غذر میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع جبکہ دیامر میں نانگاپربت ، بابوسر، بٹوگا اور نیاد ویلی کے پہاڑوں پر بھی برفباری ہوئی ہے۔شدید سردی سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہواہے۔محکمہ موسمیات نے آج پیر سے جمعرات کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور پہاڑوں پربرف باری کی پیش گوئی کی ہے جبکہ بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ پہلے سے زیادہ شدید ہو گا،کراچی میں بھی منگل اور بدھ کو بارش کا امکان ہے۔ سرما کی بارشوں کا تیسرا سلسلہ پیر سے شروع ہونے کا امکان ہے، مغربی ہواﺅں کا فعال سلسلہ بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے۔ آج پیر سے بدھ کے دوران خیبر پی کے کے اکثر مقامات پر بارش ہو گی، کوئٹہ، ژوب اور قلات ڈویژن کے پہاڑوں پر شدید برف باری کا امکان ہے۔ ڈی جی محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول کے مطابق یہ سلسلہ جنوب سے شروع ہو رہا ہے ، پچھلے 2 سلسلوں میں برف باری زیادہ ہوئی ، اب بارش زیادہ ہو گی، مری گلیات ہزارہ مالاکنڈ کشمیر کے پہاڑوں پر برف باری ہو گی۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بارشوں سے متاثر علاقوں میں سفر سے قبل سڑکوں کی صورتِ حال کے بارے میں این ایچ ہے، این ڈی ایم اے کی ہدایات پر عمل کریں۔

مزیدخبریں