لاہور (حافظ عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے دو بڑے ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے ہونے والے ہیں۔مصدقہ ذرائع کیمطابق کرکٹ بورڈ نے ستمبر 2015 سے سائیڈ لائن اپنے اہم افسر سابق ٹیسٹ کرکٹر ذاکر خان کو دوبارہ فعال کرنے اور انہیں عملی طور پر مصروف رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد پی سی بی میں جاری ”پاور گیم“ میں شدت آ جائے گی۔ ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان ذاکر خان کو دوبارہ اہم ذمہ داری دینے کا فیصلہ کر چکے ہیں جبکہ سابق ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان پی سی بی کی سب سے طاقتور ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی ”گڈ بکس“ میں شامل نہیں ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ میں جاری سردجنگ میں گرمی اب معمول کی بات ہے۔شہریارخان جسے پسند کرتے ہیں اسے نجم سیٹھی ناپسند کرتے ہیں اور نجم سیٹھی جس کا انتخاب کرتے ہیں شہریارخان اس کو موقع ملتے ہی ایک طرف کر دیتے ہیں۔ ہارون رشید کی برطرفی اور واپسی کی ناکام کوششیں اس کی واضح مثال ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب ذاکر خان کو ٹیلنٹ ہنٹ کے شعبے میں استعمال کیا جائے گا۔ انہیں نئی تعمیر کی جانے والی کسی علاقائی اکیڈمی کا سربراہ بھی مقرر کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین انہیں فوری طور پر خیبر پی کے اور فاٹا میں ٹیلنٹ ہنٹ انچارج مقرر کرنے کے بارے زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ذاکر خان کو جلد خیبر پی کے اور فاٹا ٹیلنٹ ہنٹ انچارج کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ ذاکر خان پاکستان کرکٹ بورڈ کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہیں ستمبر 2015 میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل کے عہدے سے ہٹا کر پاکستان کی جونئیر ٹیموں کے مینجر کا عہدہ دیا گیا تھا بعدازاں ان سے یہ ذمہ داری بھی واپس لے لی گئی تھی وہ گذشتہ کئی ماہ سے بالکل فارغ بیٹھے تھے۔