لاہور( این این آئی ) تربیلا ڈیم چوتھے توسیعی منصوبے کا پہلا یونٹ آئندہ ماہ بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا، اس منصوبے پر 92کروڑ ڈالر لاگت آئے گی اور اس کی تکمیل کے بعد 1410میگاواٹ اضافی سستی پن بجلی پیدا ہوگی۔چوتھے تربیلا توسیعی پن بجلی منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اب تک منصوبے کا 91.88فیصد عملی کام مکمل ہو چکا ہے۔470میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا حامل دوسرا یونٹ اس سال اپریل میں جبکہ تیسرا یونٹ مئی میں پیداوار شرو ع کردے گا۔انہوں نے کہا کہ بجلی گھر میں تین یونٹس قائم کئے جارہے ہیں جن میں ہر یونٹ کی گنجائش 470 میگاواٹ ہے جن کی تکمیل کے بعد بجلی کی پیداواری گنجائش موجودہ 3478میگاواٹ سے بڑھ کر 4888میگاواٹ ہو جائے گی۔سہیل خان نے کہا کہ عالمی بینک نے منصوبے کیلئے 84کروڑ ڈالر فراہم کئے ہیں جبکہ بقیہ 8کروڑ ڈالر کا انتظام واپڈا نے کیا ہے۔
تربیلا ڈیم