ملتان (سپیشل رپورٹر) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ قیام امن کے لئے علماءکا متفقہ اعلامیہ خوش آئند ہے۔ تخریب کاری ملک کے لئے ناسور ہے۔ بدامنی کی وجہ سے اور غیر جمہوری عمل کی وجہ سے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سہیل فراز کو قومی امن کمیٹی گورنمنٹ آف پاکستان کا صوبائی چیئرمین پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ قیام امن کے لئے آپ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں قیام امن کے لئے کاوشیں کرنے والے ملک و قوم کا سرمایہ ہیں۔ ملک میں غیر جمہوری طرزعمل ملکی معیشت اور ملک کی مجموعی صورتحال کے لئے تباہ کن اور خطرناک ہے یہ رویے اور یہ طرزعمل ناقابل قبول ہیں اس طرزعمل کو اجتماعی طور پر مسترد کر دینا ہو گا۔ اس موقع پر سہیل فراز کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں قیام امن کے لئے کاوشیں جاری رکھیں گے۔ ملک میں برداشت کے کلچر کو فروغ دینے اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا پیدا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
جاوید ہاشمی