اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جاری ممبئی حملہ کیس کی کارروائی روکنے کی ایف آئی اے کی استدعا مسترد کر دی ہے اور ترک کئے گئے 20 گواہوں کی دوبارہ طلبی کا حکم جاری کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتہ کیلئے ملتوی کر دی ہے۔ اس سے قبل انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ممبئی حملہ کیس میں ترک کئے گئے 20 گواہوں کو دوبارہ طلب کرنے کی ایف آئی اے کی استدعا مسترد کر دی تھی جس پر ایف آئی اے نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے کی۔ اس موقع پر ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر اکرم قریشی فاضل عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور ٹرائل کورٹ کی کارروائی کو آگے بڑھانے پر حکم امتناعی کی استدعا کی جو عدالت نے مسترد کر دی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ اکثر گواہان تو ڈر کے مارے نہیں آ رہے اور بعض کا پتہ ہی نہیں کہ وہ کہاں ہیں۔ اس پر ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ بیشتر گواہان کو ٹریس کر لیا گیا ہے۔ فاضل جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا اب گواہ عدالت میں پیش ہو جائیں گے جس پر پراسیکیوٹر ایف آئی اے نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اب گواہ آ جائیں گے۔ جسٹس عامر فاروق کے استفسار پر ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ٹرائل کورٹ میں بدھ کو مقدمے کی سماعت ہے۔ بعد ازاں فاضل عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دی۔
ممبئی حملہ کیس، کارروائی روکنے کی ایف آئی اے کی استدعا مسترد
Jan 23, 2019