راولپنڈی+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+صباح نیوز) آرمی چیف سے اقوام متحدہ کی صدر ماریا فرنینڈا نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی پر بات چیت ہوئی ماریا فرنینڈا نے کہا کہ قیام امن کیلئے پاک فوج کا اقوام متحدہ سے تعاون قابل تعریف ہے۔ اقوام متحدہ دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔ اقوام متحدہ خطے میں امن کیلئے پاکستان کے کردار کی قدر کرتا ہے۔ ماریا فرنینڈا نے کہا جنگ زدہ علاقوں میں قیام امن کے لئے پاک فوج کا اقوام متحدہ سے تعاون قابل تعریف ہے۔ آرمی چیف ج نرل قمر جاوید باجوہ نے اقوام متحدہ کے تحت پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنے پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا نے کہا ہے کہ تمام مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ چیلنجز کا مقابلہ کرنا کسی ایک ملک کے بس کی بات نہیں ہے۔ ماریہ فرنینڈا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ دنیا بھر میں انسانی حقوق سمیت مختلف موضوعات پر کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا ساؤتھ ایشیا 2017 میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے زیادہ متاثر ہوا جبکہ آکسفام کی رپورٹ کے مطابق %26 آبادی غربت کی لائن سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں اور پاکستانی حکومت کی جانب سے دو کروڑ نوکریوں کا اعلان مثبت اقدام ہے۔ماریہ فرنینڈا نے کہا کہ ہمیں علم ہے بہت سی وجوہات دنیا میں امن کے لیے خطرے کی علامت ہیں جب کہ دہشت گردی سمیت تمام چیلنجز سے نمٹنا کسی اکیلے ملک کے بس کی بات نہیں ہے۔ دنیا بھر کے اداروں کو مل کر مسائل کا حل نکالنا ہو گا۔جنرل اسمبلی کی صدر نے کہا کہ یمن میں 80 ہزار بچے بھوک کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں اور یمن کا مسئلہ بہت گھمبیر ہے تاہم ہمیں یمن میں کچھ بہتری نظر آ رہی ہے اور اس مسئلے ہر فریقین کو مذاکرات کے ذریعے متفق کرنے کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ جادو سے مسئلہ کا حل نہیں نکال سکتی۔