تہران (این این آئی) ایرانی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈئیر عزیز نصیر زادے نے کہاہے کہ اسرائیل کا روئے زمین سے وجود مٹا دیا جائے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نصیر زادے نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ نوجوانوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے اور وہ صہیونی رجیم کے ساتھ لڑائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ہماری اگلی نسل کو جو چیز لازمی طور پر سیکھنی چاہیے، وہ یہ کہ انھیں اسرائیل کو تباہ کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔ انھوں نے یہ بیان اسرائیلی فوج کے شام میں فضائی حملے کے ردعمل میں جاری کیا۔ دوسری جانب صہیونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے ایران کو اسرائیل کو تباہ کرنے کی دھمکیوں کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیتن یاہو نے ایک تقریر میں کہا کہ ہم ایران اور ایرانی جارحیت میں مددگار شامی فورسز کے خلاف کارروائی کررہے ہیں۔ ہم ہر اس شخص یا ملک کو نشانہ بنائیں گے جو ہمیں نقصان پہنچائے گا اور جو کوئی ہمیں صفحہ ہستی سے مٹانے کی دھمکی دے گا، اس کو اس کا مکمل خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔