لاہور (وقائع نگار خصوصی) صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن پنجاب چودھری ظہیرالدین نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال انتہائی افسوسناک ہے۔ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ پنجاب پولیس میں اصلاحات ناگزیر ہو چکیں۔ واقعہ میں ملوث قانون کو ہاتھ میں لینے والے افراد کو قرار واقعی سزا ملے گی۔ واقعہ کی تہہ تک پہنچنے کے لئے ہر فورم استعمال کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد سے ملاقات کے لئے آئے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چودھری ظہیرالدین نے کہا کہ واقعہ کی نوبت اگر پراسیکیوشن تک آتی ہے تو میں کیس کی شفاف اور میرٹ پر پراسیکیوشن کی یقین دہانی کراتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی مختلف فورمز پر تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام مطمئن رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔