بھارتی شہر الہ آباد میں ہندوؤں کا کمبھ میلہ جاری، سکیورٹی کے سخت انتظامات

نئی دہلی (اے پی پی) بھارت کے شمالی شہر الہ آباد میں ہندوؤں کا کمبھ میلہ جاری ہے، 30ہزار سے زیادہ پولیس اور نیم فوجی اہلکار تعینات، میلہ چار مارچ کو اپنے اختتام کو پہنچے گا۔ منگل کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق میلے کے دوران مجموعی طور پرکم از کم 12کروڑ افراد الہ آباد کا رخ کریں گے اور دریائے گنگا اور جمنا کے سنگم پر جمع ہوں گے جن میں دس لاکھ غیرملکی بھی شامل ہونگے۔ ہندوؤں کے عقیدے کے مطابق دریائے گنگا اور جمنا کے سنگم کے مقام پر غسل کرنا ان کے گناہوں کو دھودیتا ہے۔ حکام کے مطابق اس سال میلے کے انتظامات پر چار ہزار کروڑ روپے سے زیادہ لاگت آئی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ کمبھ میلہ الہ آباد میں صدیوں سے منعقد ہورہا ہے لیکن گذشتہ دو دہائیوں سے یہ ایک بڑے ایونٹ کی شکل اختیار کرگیا ہے۔ الہ آباد شہر اور میلے کے مقام پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اشتہاری بورڈز جگہ جگہ دکھائی دیتے ہیں جبکہ ’’اشنان گھاٹوں‘‘ پر بھی نریندر مودی کی تصاویر لگائی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق چار فروری کو تین کروڑ افراد کے الہ آباد میں جمع ہونے کا امکان ہے، میلے کا اختتام چار مارچ کو ہوگا۔ حکام کے مطابق کمبھ میلے میں ٹریفک اور سکیورٹی کے انتظامات کیلئے 30 ہزار سے زیادہ پولیس اور نیم فوجی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن