فیڈریشن چیمبر آف کامرس کے وفد کی لاہور چیمبر کے عہدیداروں سے ملاقات

لاہور(کامرس رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر و دیگر سے ملاقات کی اور موجودہ معاشی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر اور رینل چیئرمین عبدالرئوف مختار، نائب صدر شیری ارشد، ناظم حسین شاہ، میاں زاہد جاوید، علی حسام اصغر، وقار احمد میاں و دیگر بھی موجود تھے۔ الماس حیدر نے ایف پی سی سی آئی کے وفد کو لاہور چیمبر کی جانب سے ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی خام مال کی درآمد پر ڈیوٹیاں اور ٹیکسز کم ہونے چاہئیں تاکہ صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کمی آئے اور وہ دیگر ممالک کا مقابلہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ فائلر اور نان فائلر کے درمیان تفریق کی وجہ سے بہت سے مسائل پیدا ہورہے ہیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے عہدیداروں نے تجارتی تنظیموں کے درمیان تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مسائل کے جلد حل میں مدد ملے گی۔

ای پیپر دی نیشن