اپنا بنک لمیٹڈ نارتھ ریجن کی جانب سے عوامی آگاہی کے لئے روڈ شو کا انعقاد

لاہور (پ ر) اپنا بنک لمیٹڈ نارتھ ریجن کی جانب سے گزشتہ دنوں مختلف شہروں میں عوامی آگاہی کے لئے روڈ شو کا انعقاد کیا گیا۔ روڈ شو میں اپنا بنک کے چیئرمین میاں شاہد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ان کے ساتھ بنک کے صدر گلستان ملک اور چودھری شمس الحق بھی موجود تھے۔ روڈ شو میں انہیںیونائیٹڈ انٹرنیشنل گروپ کے کنٹری ہیڈ اور ممتاز ریسرچر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے خوش آمدید کہا اس موقع پر میاں شاہد نے اپنا بنک نارتھ ریجن کی انتظامیہ کو شاندار روڈ شو کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور عوامی آگاہی کے اس اقدام کو سراہا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مائیکرو فنانس بنکاری نہایت اہمیت کی حامل ہے جو ملک میں غربت کے خاتمے اور خود روزگار میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ ملک کا وہ طبقہ جس کا روزگار نہیں یاآمدنی کم ہے وہ مائیکرو فنانس سے استفادہ کرکے نہ صرف روزگار کا موقع حاصل کر سکتا ہے بلکہ اپنی موجودہ کاروباری آمدنی کو بھی بڑھا سکتا ہے۔ گلستان ملک نے کہا کہ بنک انتظامیہ بورڈ آف ڈائریکٹرز اور چیئرمین کے وژن کے مطابق مائیکرو فنانس کی سہولتوں کو عام آدمی تک وسیع کرنے او رآسان بنانے کے لئے مسلسل مصروف عمل ہے۔ خاص کر دیہی علاقوں اور نیم شہری علاقوں میں ایسے افراد اور خاندانوں کو فوکس کیا جا رہا ہے جو مائیکرو فنانس سے مستفید ہو کر خط غربت سے نکل کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر اپنا بنک نارتھ ریجن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور سٹاف ممبرز کو قیمتی انعامات سے نوازا گیا۔

ای پیپر دی نیشن