پاک ترک باہمی تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے:احمد جواد

Jan 23, 2019

اسلام آباد(آن لائن) پاکستان اور ترکی کی باہمی تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ بزنس مین پینل کے وفاقی سیکرٹری جنرل احمد جواد نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے مابین آزادانہ تجارت کے معاہدے (ایف ٹی ای) سے نہ صرف دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا بلکہ اس سے تیزی سے بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی عالمی منظر نامے پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔منگل کو ’’آن لائن‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے احمد جواد نے بتایا کہ پاکستان اور ترکی کے باہمی تعلقات ہمیشہ سے ہی بہترین رہے ہیں اور بالخصوص دونوں ممالک کے ثقافتی تعلقات کی تاریخ بڑی پرانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک کے تجارتی وفود پاکستان کے دورے کر رہے ہیں اور نئی منتخب حکومت کے ساتھ مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کی نئی راہیں تلاش کر رہے ہیں۔احمد جواد نے بتایا کہ دونوں ممالک دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے کسٹمز اور ریگولیٹری ڈیوٹیز میں 85 فیصد تک کمی پر متفق ہیں۔ تاہم معاہدہ کو حتمی شکل دے کر اس پر عملدرآمد کی جلدازجلد ضرورت ہے۔

مزیدخبریں