پاک بحریہ اور ڈیفنس فورسز کے سربراہان کی ملاقات، پیشہ وارانہ امور اور باہمی بحری اشتراک پر تبادلہ خیال

Jan 23, 2019 | 12:55

ویب ڈیسک

بحرین: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بحرین ڈیفنس فورسز کے سربراہ سے ملاقات کی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بحرین کے دورے کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بحرین ڈیفنس فورسز کے کمانڈران چیف سمیت کمانڈر یو ایس نیول فورس سینٹرل کمانڈ اور کمانڈر کمبائنڈ ٹاسک فورس (CTF-150) سے بھی ملاقاتیں کی۔

ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران پیشہ وارانہ امور اور باہمی بحری اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ نیول چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم اور کارگردگی بشمول پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول کے اقدام پر بھی روشنی ڈالی۔

نیول چیف نے فروری 2019 میں کراچی میں منعقد کی جانے والی کثیرالملکی بحری مشق امن 19 کے متعلق بھی بریف کیا۔بحرین ڈیفنس فورسز کے کمانڈران چیف نے خطے میں بحری امن و استحکام کے سلسلے میں پاک بحریہ کے کردار اور خدمات کو سراہا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیول چیف کی دیگر ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دفاعی اور سیکیورٹی اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سربراہ پاک بحریہ کا دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعلقات میں مضبوطی اور استحکام کا باعث ہوگا۔

مزیدخبریں