اسلام آباد ( نوائے وقت رپو رٹ ) سپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (ایس سی او) نے کے ٹو سر کرنے کی کوشش کیلئے پاکستان کی پہلی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ کو سپانسر کرنے کا اعلان کر دیا۔ تاریخ میں پہلی بار کوئی مسلمان خاتون دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی سر کرنے جارہی ہے جوکہ پاکستان کیلئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے اسطرح کی چیلنج آزما مہم پر روانہ ہونے والی پاکستان کی پہلی خاتون پیما کی حیثیت میں ثمینہ بیگ دنیا میں پاکستان کی خاتون پیمائوں کے حوالے سے ایک روشن علامت بن کر سامنے آئیںگئی۔ثمینہ بیگ اونچی چوٹیوں پر جانے والی پاکستانی کوہ پیما ہیں جو محض 21سال کی عمر میں مائونٹ ایورسٹ اور سیون سمٹس سر کرنے والی پہلی مسلمان پاکستانی خاتون بن گئیں انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ حسن کارکردگی بھی دیا جا چکا ہے۔ ثمینہ کے ٹو مہم کے ذریعے عورتوں کی ترقی و خودمختاری اور گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں شعور و آگہی بیدار کرنے کیلئے 8611میٹر بلند کے ٹو چوٹی کی سمٹ پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرانے کا عزم رکھتی ہیں۔اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے ثمینہ بیگ نے کہا کہ وہ آنے والی کے ٹو ڈریم مہم 2021 کیلئے ایس سی او کیساتھ مل کر کام کرنے میں خوش اور پرجوش ہے ایس سی او نے اس کے پورے کیریئر میں اس کی ہر ممکن معاونت کی ہے اور مجھے فخر ہے کہ میں اپنی کوہ پیمائی اور ناممکن کو ممکن بنانے کی مہم میں اس عظیم آرگنائزیشن کی نمائندگی کر رہی ہوں۔ ڈائریکٹر جنرل ایس سی او میجر جنرل علی فرحان ہلال امتیاز (ملٹری) نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کا ایک اہم ادارہ ہونے کی حیثیت میں ایس سی او نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں عورتوں کے فن اور صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کیلئے قائدانہ کردار ادا کیا ہے اور ہمیں فخر ہے کہ ہم خطے کی ایک باصلاحیت خاتون ثمینہ بیگ کو اس کے مشکل ترین چیلنج کے ٹو مہم میں سپانسر کررہے ہیں۔ اس سرگرمی سے نہ صرف پاکستان کا عالمی سطح پر نام روشن ہوگا بلکہ خطے میں سیاحت اور مہم جوئی کی سرگرمیوں پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
ایس سی اوکا کے ٹو مہم میں پاکستان کی پہلی خاتون کوہ پیما کو سپانسر کرنے کا فیصلہ
Jan 23, 2021