لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )جنوبی افریقہ سے ٹیسٹ سیریز میں مقابلے کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرے دن بھی بھرپور ٹریننگ کی۔ ساڑے چار گھنٹے پر مشتمل سیشن میں کھلاڑیوںنے فیلڈنگ، بائولنگ اور بیٹنگ کی خوب پریکٹس کی۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان ٹیم کا دوسرا ٹریننگ سیشن ساڑھے چار گھنٹے جاری رہا، جس میں کھلاڑیوں نے پہلے فزیکل ٹریننگ کی، پھر فیلڈنگ اور کیچنگ پریکٹس کا سیشن ہوا، سلپ میں تیز کیچز اور باونڈری پر اونچے کیچز لینے کی بھی خوب مشق کی گئی۔ایک گھنٹے بعد بیٹنگ اور بائولنگ کی پریکٹس کی گئی جس میں بلے بازوںکو مختلف اہداف دیئے گئے۔اس موقع پر مصباح الحق، یونس خان اور محمد یوسف نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا، بائولرز کو ثقلین مشتاق اور وقار یونس نے ٹپس دیئے۔پریکٹس کے بعد امپائر علیم ڈارکی امامت میں ٹیم نے گراونڈ میں ہی نماز جمعہ ادا کی۔دوسری جانب جنوبی افریقن ٹیم نے کراچی جمخانہ میں انٹرا سکواڈ میچ کھیلا۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آج ایک وقت میں نیشنل سٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی۔چیف سلیکٹر محمد وسیم جمعہ کی شام کراچی پہنچ گئے ہیں۔ وہ ٹیم مینجمنٹ کی مشاورت سے 20 رکنی سکواڈ کو کم کرکے 16 رکنی سکواڈ کریں گے جو پہلے ٹیسٹ کیلئے فائنل الیون میں جگہ پانے کیلئے دستیاب ہوگا۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں 26 جنوری سے کھیلا جائیگا۔
کراچی ٹیسٹ : قومی کرکٹرز کی ساڑھے 4 گھنٹے پریکٹس کوچز کی ٹپس
Jan 23, 2021