گوجرانولہ (فرحان میر سے) محکمہ اینٹی کرپشن نے مسلم لیگ ن کے سابق مئیر شیخ ثروت اکرام کے خلاف ایک اور شکنجہ تیار کرلیا، جنرل بس سٹینڈ میں 50 کروڑ روپے مالیتی جگہ پٹرول پمپ کیلئے اونے پونے داموں 15 سال کیلئے لیز پر الاٹ کردی گئی۔ اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق جنرل بس سٹینڈ میں ایک بیش قیمت قطعہ پلاٹ کو سابق میئر شیخ ثروت اکرام نے ایک یو سی چیئرمین کے فرنٹ مین خرم شہزاد بٹ کو صرف 55 ہزار 322 روپے سالانہ کرایہ کے عوض 15 سال کی لیز پر دے دیا، اس غیرقانونی معاہدہ کا علم ہونے پر کمشنر گوجرانولہ ڈویژن نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کو انکوائری کیلئے لیٹر بھجوایا، جس کی روشنی میں صوبائی سیکرٹری نے ماہانہ کرایہ کا تعین ڈسٹرکٹ پرائس اسسمنٹ کمیٹی میں کرنے کا حکم جاری کیا ، ڈسٹرکٹ پرائس اسسمنٹ کمیٹی نے 4 لاکھ روپے ماہانہ کرایہ تجویز کیا جس حساب سے خرم شہزاد بٹ سے سالانہ 55 ہزار 322 کی بجائے 48 لاکھ روپے وصول کئے جانے تھے لیکن اس وقت کے میئر شیخ ثروت اکرام نے نئے شیڈول کی بجائے سابقہ معمولی شیڈولکے مطابق کرایہ وصول کیا۔ سرکل آفیسر اینٹی کرپشن نے سابق میئر شیخ ثروت اکرام ، پٹرول پمپ الاٹ کروانے والے سابق یو سی چیئرمین کے فرنٹ مین خرم شہزاد بٹ اور غیر قانونی معاہدہ کے گواہان عرفان یاسین اور ذوہیب حسن کو 27 جنوری کو طلب کرلیا ہے اور انہیں طلبی کے نوٹس جاری کردئیے ہیں۔