لاہور (خصوصی نامہ نگار) بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ، مسلم لیگ (ن) نے وزیراعظم عمران خان کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی سمیرا کومل نے وزیراعظم کے مستعفی ہونے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ایک ماہ میں بجلی کی قیمتوں میں تین مرتبہ اضافہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ ادھر مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے جسٹس(ر) عظمت سعید کو براڈ شیٹ تحقیقاتی کمیٹی کا سربراہ بنانے کا فیصلہ واپس لینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جسٹس (ر) عظمت سعید پاناما کیس میں سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کیخلاف فیصلہ دینے والے بینچ میں شامل تھے۔ وہ شوکت خانم ہسپتال کے بورڈ ممبر بھی ہیں۔ لہذا جسٹس(ر) عظمت سعید کا نام فوری واپس لیں۔
بجلی کی قیمتوں میں اضافے‘ جسٹس (ر) عظمت سعید کو برڈا شیٹ کمیٹی کا سربراہ بنانے کے خلاف قراردادیں پنجاب اسمبلی میں جمع
Jan 23, 2021