بہاولنگر (نامہ نگار) افغانستان کی رہائشی ازبک النسل لڑکی نے پاکستان آکر 24 سالہ طالب علم سے شادی کر لی۔ لڑکی کا کہنا ہے ہمارے مہاجرین بزرگوں کے ساتھ پاکستان کا بہترین سلوک شادی کا ذریعہ بنا۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صوبے بغلان کی رہائشی 20 سالہ ازبک النسل اُولْبَاش بی بی دختر نور محمد ویزا لیکر بہاولنگر پاکستان پہنچ گئیں جہاں عصری تعلیم کے طالب علم 24 سالہ فہیم الرحمن ولد قاری عبدالسلام کے ساتھ مرکزی عیدگاہ جامع العلوم بہاولنگر میں نکاح کی پروقار سادہ سی تقریب ہوئی۔ سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ مہر فاطمی کے عوض نکاح روحانی پیشوا شیخ الحدیث مولانا جلیل احمد اخون نے پڑھایا۔ اُولْبَاش بی بی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بزرگوں کے ساتھ پاکستان نے بطور مہاجرین جو احترام، شفقت اور پیار کا سلوک کیا ہمارے نکاح میں اس کا بھی بہت بڑا عمل دخل ہے۔ میرے لئے فخر ہے کہ میں نے پاکستانی نوجوان سے شادی کی ہے۔ پاکستان اور فہیم الرحمن سے محبت کے باعث اپنے ملک اور خاندان کی قربانی دی ہے۔