مختصر بجٹ کے باوجود جامعہ کراچی کا مقام قابل فخر ہے‘ عمران اسمٰعیل

Jan 23, 2021

کراچی (نیوز رپورٹر) گورنرسندھ وچانسلر جامعہ کراچی عمران اسماعیل نے کہا کہ جامعہ کراچی پاکستان کی سب سے بڑی یونیورسٹی ہے اورمختصر بجٹ کے باوجود جامعہ کراچی آج جس مقام پر ہے ہم سب اس پر فخرکرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی میں سیدنا مفضل سیف الدین فیکلٹی آف لائ(کلیہ قانون) کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے درخواست کی کہ وہ وزیر اعظم کے کامیاب نوجوان پروگرام کے حوالے سے جامعہ کراچی میں ہیلپ ڈیسک قائم کریں۔جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ سیدنا مفضل سیف الدین فیکلٹی آف لاء تعمیر کی جارہی جو عصر حاضر حاضر کی تمام جدیدسہولیات سے آراستہ ہوگی۔اس سے قبل مذکورہ جماعت نے جامعہ کراچی میں شعبہ جینیات کی عمارت کو نہ صرف تعمیرکیا بلکہ مطلوبہ تمام ضروریات اور سہولتیں بھی فراہم کیں۔ مخیر افراد کے تعاون سے کیمپس میں ایم فِل اور پی ایچ ڈی طلبہ و طالبات کے لیے ہاسٹل کی عمارت کا منصوبہ بھی مکمل ہونے کو ہے ۔ہم جامعہ کے ایک بہت اہم منصوبے یعنی میڈیکل کالج کی تعمیر کا کام شروع کرنا چاہتے یں تاکہ ملک بھر سے افراد اس مجوزہ میڈیکل کالج سے تعلیم کے علاوہ علاج معالجے کی سہولیات سے بہرہ مند ہو سکیں اور ایسا میڈیکل کالج ہمارے معاشرے کی اہم ضرورت ہے میں گورنر سندھ سے درخواست کرتاہوں کہ وہ اس سلسلے میں ہماری مددکریں۔دائودی بوہرہ کمیونٹی کے شبیرہریانہ والا نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

مزیدخبریں