فریئر ہال میں گل دائودی کی نمائش شروع ہوگئی

Jan 23, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کے لئے فریئر ہال میں خوبصورت اور رنگا رنگ فیسٹیول منعقد کرکے کے ایم سی نے شہریوں کی بہترین خدمت کی ہے، سندھ حکومت اس قسم کے احسن کاموں میں کے ایم سی کا مکمل ساتھ دے گی، کراچی میں ماحولیاتی مسائل کے حل کے لئے سرسبز کراچی مہم شروع کی جا رہی ہے جس کے تحت موسم بہار کے آغاز پر بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جائے گی، شہری ان کاموں میں کے ایم سی سے تعاون کریں، یہ بات انہوں نے جمعہ کی شام باغ جناح فریئر ہال میں میری گولڈ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد ، ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر طٰحہ سلیم ، سینئر ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ کلچر اور دیگر افسران بھی موجود تھے، بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ کراچی میں خوشگوار تبدیلی آتی دیکھ رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ اس قسم کی صحت مند سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہتے ہیں، میری گولڈ فیسٹیول کو فریئر ہال کے بعد کراچی کے تمام پارکس تک لے کر جائیں گے، شہریوں سے درخواست کروں گا کہ شہر میں شجرکاری اور سبزہ کاری کے کاموں میں کے ایم سی کا ساتھ دیں اور اسے اپنا ادارہ سمجھیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ میری گولڈ فیسٹیول سے سنہری کراچی کے خواب کی عملی تعبیر حاصل ہو رہی ہے۔

مزیدخبریں