اوورہیڈ چارجز کم کئے جائیں، پی آئی اے  کی لندن ہائیکورٹ میں استدعا

لندن (نوائے وقت رپورٹ) کوالالمپور میں پی آئی اے کا طیارہ ضبط کرنے کے معاملے پر لندن ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ دوران سماعت یہ بات سامنے آئی کہ پی آئی اے ملائیشیا میں ضبط تیارے کی کمپنی کو 7 ملین ڈالر ادا کرچکی ہے۔ سماعت میں فریقین کے وکلاء نے اتفاق کیا ہے کہ پوری رقم کی ادائیگی پی آئی اے کے خلاف کسی حکم کے اجراء کے بغیر ہونی چاہئے۔ طیارہ لیز پر دینے والی کمپنی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پی آئی اے کی طرف سے 5 لاکھ 80 ہزار ڈالر ادا نہ کرنے پر عدالت آنا پڑا۔ پی آئی اے کی وکیل نے عدالت میں استدعا کی کہ کرونا وبا کے بعد انڈسٹری کی زبوں حالی پر ’’اوورہیڈ‘‘ چارجز کم کئے جائیں۔ خیال رہے کہ لیز ادا نہ کرنے پر لندن کی عدالت کے حکم پر کوالالمپور میں پی آئی اے کا گزشتہ دنوں طیارہ ضبط کرلیا گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن