اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ؍ شنہوا) پاکستان نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک پرہجوم بازار میں ہونے والے دو خود کش دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ان خود کش دھماکوں کے نتیجے میں 32 قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بغداد میں دہشتگرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور حملوں میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق کی برادر حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس نے بھی عراق کے دارالحکومت بغداد کے ایک بازار میں جمعرات کے روز ہونے والے 2 مہلک خودکش بم دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے جس میں شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ شدت پسند گروہ داعش نے بغداد میں ہونے والے 2 خودکش بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ عراق کے مقامی میڈیا نے جمعہ کے روز انٹرنیٹ پر پوسٹ کیے گئے داعش کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ گروہ نے دونوں خودکش بمباروں کی شناخت ابو یوسف الانصاری اور محمد عارف المہاجر کے کوڈ ناموں سے کی ہے۔ جنہوں نے بغداد شہر کے وسط میں اہل تشیع افراد کے اجتماع کو نشانہ بنایا تھا۔