اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کی حمایت کردی۔ چیئرمین سینٹ نے سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کے لیے سپریم کورٹ میں دائر صدارتی ریفرنس پر اپنا جواب جمع کرادیا جس میں انہوں نے اوپن بیلٹ کی حمایت کی ہے۔ چیئرمین سینٹ نے 5 صفحات پر مبنی جواب ایڈووکیٹ آن ریکارڈ کے ذریعے جمع کرایا جس میں کہا گیا ہے کہ سینٹ انتخابات 2015ء میں دھاندلی اور فلورکراسنگ کے الزامات سامنے آئے جس کے بعد سینٹ ارکان کے انتخابات کے طریقہ کار پر بحث مباحثہ ہوا۔ سینٹ ایوان کمیٹی میں سفارش کی گئی کہ بیلٹ پیپر کے پیچھے ووٹر کا نام درج ہو اور شک کی صورت میں پارٹی سربراہ کو ووٹ کی تفصیلات دیکھنے کا اختیار ہو۔ شفاف اوپن سینٹ انتخابات اس وقت وسیع تر قومی مفاد میں ہیں، سینٹ الیکشن سے متعلق آئین خاموش ہے اور آئین کی تشریح کرنا خالصتاً سپریم کورٹ کا کام ہے۔ آئین اور متعلقہ قوانین کی تشریح تمام سٹیک ہولڈرز کا تقاضا ہے جبکہ شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمشن کی بھی ذمہ داری ہے۔ تمام سٹیک ہولڈرز تسلیم کرتے ہیں کہ سینٹ الیکشن شفاف ہونے چاہئیں۔ پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے والا اقرار کرے اور نتائج کا سامنا کرے۔