پنجاب ، وفاق منشیات کیخلاف مشترکہ کریک ڈائون کرینگے، سیاسی دکاندار قومی مفاد دائو پر لگا رہے ہیں : عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ  عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا احتجاج بے معنی ہے۔ پی ڈی ایم سے نہ کوئی مسئلہ ہے اور نہ ہی کوئی خطرہ۔ پی ڈی ایم کا ٹولہ خود انتشار کا شکار ہوچکا ہے۔ بدقسمتی سے یہ عناصرملک کو عدم استحکام کی طرف لے جا کر دشمن کا ایجنڈا پورا کرنا چاہتے ہیں۔ ملک و قوم کے مفادات کو زک پہنچانے والے رہبر نہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے نازک حالات میں قوم کوتقسیم کرنے کی کوشش قابل مذمت ہے -اپوزیشن کوعوام کا احساس ہے نہ ملک کی پروا - یہ لوگ اپنی سیاسی دکانداری چمکانے کیلئے قومی مفادات کو بھی داؤ پر لگارہے ہیں۔ اس وقت قوم کو اتحاد، اتفاق اور بھائی چارے کی جتنی ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ موجودہ حالات میں منفی سیاست کی ذرا سی بھی گنجائش نہیں۔ عثمان بزدار سے وفاقی وزیرنارکوٹکس کنٹرول بریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور منشیات کے خاتمے کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں منشیات کے دھندے کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت مشترکہ طورپر اقدامات پراتفاق کیا گیا۔ پنجاب حکومت اور وفاق کا منشیات کا کاروبار کرنے والے عناصر کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلی  نے کہا کہ منشیات کا کاروبار کرنے والے عناصر کی سختی سے سرکوبی کی جائے گی۔ پولیس، ایکسائز اور متعلقہ محکمے انسداد منشیات فورس کو ہر طرح کی معاونت فراہم کریں گے۔ منشیات کا کالا دھندہ کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں۔ منشیات سے پاک معاشرے کیلئے سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہے۔ بعض عناصر مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ملک کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ اداروں کے خلاف پراپیگنڈا قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ عثمان بزدار سے جرمنی کے سفیر برن ہارڈ سٹیفن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ جرمنی کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ جرمنی پاکستان کا بہترین پارٹنر ہے۔ آٹو موبائل انڈسٹریز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت اور سماجی شعبوں کی بہتری کے لئے جرمنی کے تجربے اورمہارت سے استفادہ کریں گے۔ پنجاب جرمنی کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں لیڈ لے گا۔ پنجاب حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے ایک چھت تلے سہولتیں فراہم کی ہیں۔ سرمایہ کاری کے لئے انتہائی پرکشش ماحول مہیا کیا گیا ہے اور پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری پر خصوصی مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔ جرمن سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔ رکاوٹوں کے باوجود ترقی کے سفر کو جاری رکھا ہے۔

ای پیپر دی نیشن