اسلام آباد (نیشن رپورٹ) آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور‘ خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ امید ہے نئی امریکی قیادت کے آنے سے پاک امریکہ تعلقات کو فروغ ملے گا۔ امریکی ناظم الامور نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ امریکہ افغانستان میں امن کیلئے حمایت جاری رکھے گا۔
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) موسم سرما میں K-2سر کرنے کا ریکارڈ قائم کرنے والی نیپالی کوہ پیما ٹیم کے ارکان نے جمعہ کے روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ جی ایچ کیو میں ہونے والی اس ملاقات میں آرمی چیف نے کوہ پیمائوں کو منفرد ریکارڈ بنانے پر مبارکبادی دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے موسم سرما میں8611میٹر بلند دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کو پہلی بار موسم سرما میں سر کرکے کوہ پیمائی میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ نیپالی کوہ پیمائوں نے آرمی چیف سے اس یادگار مہم جوئی کے دوران پیش آنے والے دلچسپ اور ناقابل فراموش واقعات شیئر کئے۔ انہوں نے مہم جوئی کے دوران آرمی حکام کے بھرپور تعاون اور پاکستانی عوام کی گرمجوش میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ جس کی بدولت نیپالی ٹیم نے یہ منفرد ریکارڈ قائم کیا۔