معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جہلم جیسے بڑے شہر کو بھی ماضی میں مکمل نظر انداز کیا گیا جو جہلم والوں کے ساتھ بڑی زیادتی ہے ۔ موجودہ حکومت جہلم سمیت تمام شہریوں کویکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے۔جہلم پریس کلب میں سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ جہلم پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم ایک ایسا روڈ میپ لارہے ہیں جسے جلد ازجلد شروع کرکے جہلم کی ترقی میں نوجوانوں کو حصہ دار بنائیں گے۔ جہلم پریس کلب میں سہولیات کا فقدان اس شہر کے ساتھ ناانصافی ہے جس نے بڑے بڑے مینار جج اورگورنر پیدا کیے ۔ میں جہلم پریس کلب کے لئے جوکچھ کرسکوں گی ضرور کروں گی۔ انہوں نے کہاکہ جہلم کا پریس کلب میرے لئے ٹرانزٹ بنے گا ۔ جہلم کے صحافیوں کے تعاون سے جہلم شہر کے تمام مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ جہلم پریس کلب کے مسائل کے حل کیلئے جہلم کے صحافیوں کو عنقریب لاہور مدعو کیا جائے گا اور جہلم پریس کلب کی جائز ضروریات کو ہرممکن پورا کریں گے ۔ معاون خصوصی نے کہاکہ عوام کو گمراہ کرنے میںمصروف سیاستدانوں کو تبدیلی نظر نہیں آرہی ۔ پنجاب کے فنڈز اب لاہور کی بجائے چھوٹے شہروں کو منتقل ہورہے ہیں ۔ حکومتی اقدامات سے کورونا کے باوجود معیشت کا پہیہ تیزی سے چل رہا ہے ہر ضع میں اشیاء کی قیمتیں مستحکم رکھنے کیلئے مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔ ہم ملکی ترقی میں نوجوانوں کو حصہ دار بنانا چاہتے ہیں وزیراعلیٰ پنجاب ہر ڈویژن میں جاکر مسائل کا جائزہ لیں گے۔