ملتان (سپورٹس ڈیسک)پاکستانی تیز گیند باز وہاب ریاض کا خیال ہے کہ آسٹریلیا کو 24 سال بعد دورہ پاکستان کیلئے اپنے تمام سپر سٹار کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم بھیجنی چاہیے۔ آسٹریلوی ٹیم 1998ء کے بعد تین ٹیسٹ، تین ایک روزہ بین الاقوامی، اور ایک ٹونٹی 20 میچ کھیلنے کیلئے پاکستان کا پہلا دورہ کریگی۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن سے قبل ایک انٹرویو میں وہاب ریاض نے کہا کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کو اپنی بہترین ٹیمیں بھیجنی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ یہ حالیہ دنوں میں ایک عام موضوع رہا ہے کہ جب بھی ہم کہیں کھیلنے جاتے ہیں یا ٹیمیں پاکستان آتی ہیں تو وہ کبھی بھی فرسٹ چوائس کھلاڑیوں پر مشتمل نہیں ہوتی ہیں۔بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے کہا کہ تجارتی نقطہ نظر سے یہ کوئی بری چیز نہیں ہے۔پشاور زلمی کے کپتان نے کہا کہ چونکہ یہ دورے اب بھی مسابقتی کرکٹ ہیں اس لیے کمزور ٹیموں کا سامنا کرنا آپ کو فائدہ دیتا ہے تاہم یہ ایک مسئلہ بھی بن جاتا ہے کیونکہ پھر ہمارے کھلاڑی پوری طاقت والی ٹیموں کا سامنا کرنے کے عادی نہیں ہوتے اور ان کے سیکھنے میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ آنے والے ایونٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ پی ایس ایل ان جیسے کھلاڑیوں کے لیے پرفارم کرنے اور قومی ٹیم میں واپس آنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔