بہاولپور( محمد اقبال دانش سے) صدارتی نظام زہر قاتل ، پارلیمانی سیاست اور حکومت میں ناکامی پر عمران خان پارلیمانی نظام کی بساط لپیٹنے کے درپے ہیں۔ اپنی نااہلی سے حکمران ناکام ہوئے حواس باختہ ہو کر نظام پر حملے کر رہے ہیں۔ صدارتی نظام نے ہمیشہ نقصان پہنچایا ہے ،پارلیمانی نظام ہی خوشحال ،مضبوط اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے۔ ایوب خان ، یحیی خان ، ضیاء الحق اور پرویز مشرف کے دور میں دریا بیچنے اور سیاچن جیسے دلخراش واقعات سیاہ تاریخ کا حصے بنے ہیں۔ پارلیمانی اور جمہوری ادوار میں پاکستانی معیشت کو پنپنے کا موقع ملا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مختلف سیاسی شخصیات سابق ایم این اے مخدوم سید علی حسن گیلانی، سابق وفاقی وزیر میاں بلیغ الرحمن، ممبر صوبائی اسمبلی سردار ملک خالد محمود بابر وارن ، سابق ایم پی اے چوہدری خالد محمود ججہ، سابق ایم پی اے قاضی عدنان فرید ، سابق ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی، پیپلزپارٹی کے ہولڈر سید عامر علی شاہ، ن لیگی رہنماحماد ندیم میرانی ، ن لیگی رہنما رانا ساجد اقبال ، امیدوار چیئرمین چوہدری مشتاق احمد ، ن لیگی رہنما ڈاکٹر ناصر محمود شریف اور دیگر نے نوائے وقت سروے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان صدارتی نظام کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے اور پارلیمانی نظام پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے اس کا خاتمہ سے پاکستان کو تعمیر و ترقی کی شاہراہ سے ہٹا کر پتھر کے زمانے میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔
عمران خان پارلیمانی نظام کی بساط لپیٹنے کے درپے ہیں: سیاسی رہنما
Jan 23, 2022