غیرضروری مقدمہ بازی‘ سپریم کورٹ کا ایف بی آر کو20 ہزار روپے جرمانہ

Jan 23, 2022

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے ایف بی آر کی جانب سے غیر ضروری کی جانے والی مقدمہ بازی کو وقت کا ضیاع قرار دیتے ہوئے20 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ سپریم کورٹ کا دو صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس قاضی فائز عیسی نے تحریر کیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی فضول قانونی چارہ جوئی کو وقت کا ضیاع قرار دیا ہے۔ عدالتی فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے کی جانے والی بے وقت قانونی چارہ جوئی سے ٹریبونل، عدالت عالیہ، عدالت عظمیٰ کا وقت ضائع ہو تا ہے۔ ایف بی آر ٹیکس پئیرز کیساتھ قانون کے مطابق شفاف انداز میں معاملات چلائے۔ قانون کے مطابق ٹیکس ادا کرنے والوں کو جو قانونی حق ملتا ہے ایف بی آر اسکوروک نہیں سکتا۔ عدالت کا اپنے فیصلے میں کہنا ہے کہ فضول قانونی چارہ جوئی سے ایف بی آر کے وسائل غیر ضروری طور پر ضائع نہیں ہونے چاہیے، سپریم کورٹ نے فیصلہ نجی کمپنی کی خلاف ایف بی آر کی اپیل میں جاری کیا۔ جس میں قانون سیکشن66 اے کے مطابق چار سال بعد ادارے کمپنی کو نوٹس کیا جانا تھا تاہم ایف بی آر نے گیارہ سال بعد نوٹس جاری کیا۔ اس لئے سپریم کورٹ نے ایف بی آر کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیا۔

مزیدخبریں