اسلام آباد‘ لاہور (خبر نگار + سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور‘ اسلام آباد‘ بھکر‘ راولپنڈی‘ گوجرانوالہ‘ ننکانہ صاحب‘ حافظ آباد‘ مری‘ گلیات‘ بلوچستان کے کئی علاقوں سمیت متعدد شہروں میں بارشوں اور برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ بارشوں سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ چھتیں گرنے کے واقعات میں ایک بچہ جاں بحق، 7 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ پیر تک جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی۔ چیف ٹریفک افسر کے مطابق مری میں مجموعی طور پر سیاحوں کی 1170 گاڑیاں موجود ہیں۔ سیاحوںکی8000 سے زائد گاڑیوں کے داخلے کی اجازت نہیں ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج اتوار کے روز اسلام آباد، بالائی خیبر پی کے، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش، برفباری جبکہ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش، ژالہ باری کا امکان ہے۔ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند کی توقع ہے۔ پشاور کے متنی بازار کے قریب مکان کی چھت گرنے سے دو افراد زخمی ہو گئے۔ جنہیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ چشمہ کے قریب نواحی علاقہ کڑی خیسو میں کچے مکان کی چھت گرنے سے تین بچے ملبے تلے دب گئے۔ محمد عامر موقع پر جاں بحق جبکہ محمد وقاص اور طاہر شدید زخمی ہو گئے۔ میانوالی کے علاقہ بالا شریف میں بارش کی وجہ سے ایک اور پولٹری فارم کی عمارت کی چھت گر گئی۔ دو افراد نیچے آ جانے سے شدید زخمی ہو گئے۔ سادھوکی میں چھت گرنے سے آسیہ بی بی زخمی ہوگئی۔ ٹھٹھہ کے علاقے کیٹی بندر کے قریب حجامڑو کریک میں تیز ہواؤں کے باعث 2 کشتیاں الٹنے سے 38 ماہی گیر ڈوب گئے تھے۔ جن میں سے 30 کو بچا لیا گیا ہے اور 8 تاحال لاپتہ ہیں۔ جس کے بعد ماہی گیری اور سمندر میں نہانے پر 7 روز کیلئے پابندی لگا دی گئی۔ ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور دھند کی وجہ سے مسافر ٹرینوں کا شیڈول درہم برہم رہا۔ ٹرینیں 5گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ رپورٹ کے مطابق عوام ایکسپریس اور پاکستان ایکسپریس5، 5 گھنٹے، پاک بزنس ایکسپریس 4 گھنٹے 30 منٹ، شاہ حسین ایکسپریس4 گھنٹے 15منٹ، رحمان بابا ایکسپریس 3 گھنٹے، فرید ایکسپریس3 گھنٹے 10 منٹ، علامہ اقبال ایکسپریس2 گھنٹے 20 منٹ، کراچی ایکسپریس، خیبر میل ایکسپریس، گرین لائن ایکسپریس،2،2 گھنٹے، تیزگام ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس، جعفر ایکسپریس، ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس بھی ایک گھنٹہ 50 منٹ تاخیر کا شکار رہیں۔ راولا کوٹ میں شدید برفباری سے کئی سیاح پھنس گئے۔ ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد، گوجرانوالہ سے آئے 17 سیاحوں کو ریسکیو کر لیا۔ ڈی سی کے مطابق ایک سیاح کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ برفباری میں پھنسے یونیورسٹی کے 12 طلبہ کو بھی بحفاظت نکال لیا گیا۔