اسلام آباد، پشاور، لاہور (خبرنگار، بیورو رپورٹ، نوائے وقت رپورٹ) این سی او سی نے کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کیلئے عبادت گاہوں کیلئے نیا پروٹوکول جاری کیا ہے۔ مساجد اور عبادت گاہوں میں صرف مکمل ویکسین شدہ افراد کو نماز کی اجازت ہوگی۔ این سی او سی کا اہم اجلاس میںنمازیوں کیلئے ماسک پہننا لازم جبکہ مساجد، عبادت گاہوں سے قالین وغیرہ ہٹانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ نمازیوں کے درمیان 6 فٹ سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے، بزرگ اور بیمار افراد ترجیحا گھر پر نماز پڑھیں، نمازی وضو گھر پر کر کے مساجد جائیں، نمازی ہاتھوں کو بار بار دھوئیں اور سینیٹائز کریں۔ کھلی جگہوں پر نماز پڑھنے کا اہتمام کیا جائے، وینٹی لیشن کے لیے دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں، جمعہ کی نماز کا خطبہ مختصر رکھا جائے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 6 ہزار 540 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 12 مریض اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔مثبت کیسز کی شرح 11 اعشاریہ 10 فیصد پر آ گئی۔ بیرون ملک سفر کیلئے بوسٹر شاٹ کی فیس ختم کر دی گئی بیرون ملک جانے کیلئے مسافر اپنے ڈاکومنٹس دکھا کر فری بوسٹر لگوا سکیں گے عام پبلک کیلئے بوسٹر ڈوز پہلے ہی فری ہے۔ اسلام آباد میں تیزی سی پھیلتی کرونا کی پانچویں لہر نے ڈاکٹرز کو متاثرہ کرنا شروع کر دیا، ڈاکٹرز کی بڑی تعداد کرونا میںمبتلا ہوگئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد کے سب سے بڑے ہسپتال پمز میں 150سے زائد ڈاکٹرز اور سٹاف کرونا میں مبتلاہو چکے ہیں ۔ محکمہ داخلہ وقبائلی امور نے پشاور میں مثبت کیسوں کی شرح 10 فیصد سے زیادہ ہونے کے فوری بعد مختلف پابندیاں عائد کرنے کیلئے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر پشاور کو مراسلہ جاری کیا ہے۔ خیبرپی کے میں کرونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے کیسز میں اضافہ ہوگیا ہے اور مزید 40 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں اومیکرون کیسز کی تعداد بڑھ کر 304 ہوگئی ہے۔کرونا وائرس سے متعلق پابندیوں کا نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی اوسی) کا جعلی نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگا۔ این سی او سی کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک اور جعلی نوٹیفکیشن وائرل ہو رہا ہے جس میں کرونا وائرس کے باعث نئی پابندیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے فی الحال سکول بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ تعلیم پنجاب نے کہا کہ سکولوں میں پہلے کرونا ٹیسٹ کئے جائیں گے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما مرتضیٰ جاوید عباسی ، وفاقی وزیر خسرو بختیار اور پی ٹی آئی کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عامر محمود کیلانی بھی کرونا کا شکار ہوگئے۔ سکھر میں ایس او پیز نظرانداز کرنے پر جرمانے کئے گئے۔ ادھر دنیا بھر میں کرونا وائرس کے وار جاری ہیں۔ امریکہ میں کرونا کے مزید سات لاکھ 79 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ برطانیہ میں مزید 95 ہزار اٹلی میں ایک لاکھ 29 ہزار کیس رپورٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش میں کرونا میں اضافے پر سکول و کالج دو ہفتوں کیلئے بند کردیئے گئے ہیں۔
خطبہ جمعہ مختصر ہوگا ، مساجد سمیت تمام عبادت گاہوں میں داخلے کیلئے ویکسینیشن ضروری
Jan 23, 2022