ملتان (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لیے بلاول بھٹو اور شہبازشریف کو آئینی ترمیم کے لیے خط لکھ دیا ہے، اب دیکھیں اْن کی جانب سے کب جواب آتا ہے۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اگر جنوبی پنجاب صوبہ بنانے میں کامیاب ہوگئے تو اس کا کریڈٹ بھی دونوں جماعتوں کو دینے کے لیے تیار ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بہاولپور اور ملتان میں سیکرٹریٹ تعمیر ہوچکے ہیں، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جنوبی پنجاب کا پیسا صرف جنوبی پنجاب پر ہی خرچ ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو خط لکھا کہ جنوبی پنجاب کے لیے ہم آگے بڑھنے کو تیار ہیں،کیا آئینی ترمیم کے لیے پیپلزپارٹی ساتھ دیگی؟ شہبازشریف کو بھی خط لکھا کہ ہم آگے بڑھنے کو تیار ہیں، لیکن کیا آئینی ترمیم کے لیے ن لیگ ساتھ دیگی؟ اگر آپ یہ آئینی ترمیم کرتے ہیں توہم یہ سہرا آپ کے سر باندھنے کو تیار ہیں جو بھی جواب دینا چاہتے ہیں، میں ان کے جواب کا منتظر ہوں، جنوبی پنجاب کے دیگر ایم این ایز سے درخواست ہے کہ ن لیگ اور پی پی قیادت سے بات کریں، درخواست ہے اس معاملے پر سیاست نہ کریں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ احتجاج پیپلزپارٹی کا حق ہے،27 فروری کو وہ وہاں سے نکلیں گے، ہم یہاں سے نکلیں گے، راستے میں ملاقات ہو جائیگی۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ چین اور سعودی عرب کی مدد کے باوجود ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، ہم مہنگائی سے واقف ہیں اور اسے کم کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں جبکہ معیشت بھی ریکوری کی طرف مائل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فی کس آمدنی (ن) لیگ کے آخری سال میں 547 ڈالر تھی اور آج فی کس آمدنی 1666 ڈالر ہے، حالات مشکل ہیں، کوئی انکار نہیں کرسکتا لیکن مشکل حالات میں بھی ہم پْرامید ہیں، یہ سال معاشی ریکوری اور اگلا سال خوشحالی کا ہوگا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ دہشتگردوں سے مقابلہ کیا اور کریں گے، پاکستان کے دشمن ملک میں عدم استحکام اور انتشار چاہتے ہیں لیکن ان کے عزم ناکام ہوں گے انہوں نے مزید کہا کہ صدارتی نظام قیاس آرائی ہے اور ایسی پتنگیں اڑتی رہتی ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ حکومت نا صرف اپنی ٹرم پوری کرے گی بلکہ اگلے انتخابات میں سرپرائز دے گی حکومت بلدیاتی انتخابات کے حق میں ہے اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مارچ کے بدلے مارچ ہوگا بلاول بھٹو زرداری نے 27 فروری تو کراچی سے پنجاب کسان مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے ہم نے بھی 27 فروری کو پنجاب سے کراچی کسان مارچ کا اعلان کیا ہے راستے میں ان سے ملاقات ہو جائے گی ۔دریں اثناء وزیرخارجہ نے کہا پی ایس ایل میچز ہونے چاہئیں قوم منتظر ہے۔ بعد ازاں امن کے قیام میں خواتین کے کردار کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہاکہ ملکی ترقی میں خواتین کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے اور موجودہ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے میں بھرپور اقدامات کئے ہیں۔ قبل ازیں این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں 5سو کلو واٹ شمسی توانائی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان کے خواب کو عملی تعبیر دینے کیلئے حکومت شمسی توانائی کے منصوبوں کا اجراء کر رہی ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کو عملی جامہ پہنانے اور درکار آئینی ترمیم کیلئے پارلیمانی رہنماؤں کو لکھے گئے خطوط میڈیا کو جاری کر دئیے۔ متن میں، وزیر خارجہ اور وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے پارلیمان کی تمام بڑی جماعتوں سے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے قانون سازی کیلئے درکار تعاون کی درخواست کی ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سابق رکن قومی اسمبلی رانا شوکت حیات نون کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور روزنامہ نوائے وقت ملتان کے ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن میاں غفار احمد کی والدہ کی وفات پر نوائے وقت آفس آکر ان سے تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔