اسلام آباد،لاہور(خبر نگار، اپنے نامہ نگار سے)پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدررانا ثناء اللہ نے کہاکہ جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق شاہ محمود قریشی کا خط سیاسی شعبدہ بازی ہے۔ ایک بیان میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نیب قانون میں ترمیم ایک گھنٹے میں منظور ہوگئیں، جنوبی پنجاب پر3 سال بعد خط لکھ کر یہ لوگ کسے بے وقوف بنا رہے ہیں۔ جنوبی پنجاب اور بہاولپور پر2 بل قومی اور پنجاب اسمبلی میں موجود ہیں۔ عمران نیازی نے قومی اسمبلی میںقائد حزب اختلاف شہباز شریف کو کوئی خط نہیں لکھا۔ عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ پارلیمانی یا صدارتی نظام نہیں‘ اصل مسئلہ آئین پر عمل نہ ہونا ہے۔ 73 کا آئین متفقہ آئین ہے اگرآئین سے باہر نکلیں گے تو ملک کسی اور بحرانی کیفیت کی طرف چلا جائے گا، یہاں 35 سال صدارتی نظام رہا ہے جس میں سارے اختیارات کا منبہ فرد واحد ہوتا اور پارلیمان کی کوئی حیثیت نہیں تھی اگر بہتری ہوتی تو اس دوران ہوجاتی۔ لاہور کی انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر و سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی، اے این ایف کے سپیشل پراسیکیوٹر کی عدم دستیابی کے باعث 19 فروری تک ملتوی کردی۔ رانا ثناء اللہ نے سردار ایاز صادق کا ان ہائوس تبدیلی کی تیاری مکمل ہونے کا دعویٰ مسترد کردیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس نمبر پورے نہیں ورنہ حکومت گرانے میں ایک لمحہ دیر نہ کریں۔
جنوبی پنجاب صوبہ، شاہ محمود کا خط سیاسی شعبدہ بازی: رانا ثناء
Jan 23, 2022