شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے رہنما و سابق ممبر میونسپل کمیٹی شیخوپورہ میاں منور اقبال نے کہا ہے کہ تمام قومی وسائل عوام کی امانت ہیں اور وزیر اعظم عمران خان اس امانت کو دیانتداری کے ساتھ کرپٹ عناصر سے واپس لیکر عوام کو لوٹا رہے ہیں اور تمام وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کئے جارہے ہیں جو پی ٹی آئی کا منشور ہے، اپنے ایک بیان میں میاں منور اقبال نے کہا کہ احساس پروگرام جیسے بے مثال پروگرام، صحت انصاف کارڈ جیسے فلاحی منصوبے، پناہ گاہوں جیسے عوامی پروگرام اور دیگر فلاح عامہ کے پروگراموں پرملکی سرمایہ شفافیت کے ساتھ خرچ کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت ایک قومی مشن ہے جسے عزم اور جذبے کے ساتھ مزید آگے بڑھائیں گے اور کرپشن کا خاتمہ یقینی بنانے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی، عوامی مسائل کے حل کیلئے وزیر اعظم عمران خان دن رات کوشاں ہیں وہ عوام کے تمام مسائل حل کرکے دم لیں گے۔